شہباز شریف نے نیب کو دھمکی دی , انکے اخراجات ، میٹرو منصوبے کی تحقیقات کی جائے: عمران خان 05 Mar, 2016

Posted on at


تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے نیب کو دھمکی دی ہے۔ ان کے بیان کی مذمت کرتا ہوں۔ نیب میٹرو بس منصوبے اور وزیراعلیٰ کیمپ آفسز کے اخراجات کی بھی تحقیقات کرے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شریف برادران ملک میں اپنی بادشاہت اور ہر ادارے کو اپنا غلام سمجھتے ہیں۔ وہ نیب سے ڈرے ہوئے ہیں۔ کرکٹ میں بھی سفارشی لوگوں کو لا کر اسے تباہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کے بیان سے سچ سامنے آ گیا ہے۔ وہ متحدہ کے بااعتماد آدمی تھے۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے بھارت گیا تو وہاں الطاف کے پوسٹر دیکھے۔ ایک بھارتی صحافی نے بتایا کہ پوسٹر ”را“ نے لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا میں پہلا سیاستدان تھا جس نے کہا الطاف سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کے الزامات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمشن بنایا جائے۔ دریں اثنا عمران خان نے کہا ہے کہ ہار مانیں گے تو ہار جائیں گے‘ آخری گیند تک مقابلہ کرنے والا ہی چیمپیئن بنتا ہے‘ بھیک مانگنے والے کسی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کر سکتے۔ قیوم سپورٹس کمپلیکس میں میگا چیلنج کارنیوال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں زبردست سیاسی تبدیلی آئی ہے۔ ہار مانیں گے تو ہار جائیں گے۔ چیمپئن آخری گیند تک مقابلہ کرتا ہے اور وہی فتح پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات بیس ارب ڈالر ہے جبکہ سنگا پور جو پشاور سے بھی چھوٹا ہے اس کی برآمدات 512 ارب ڈالر ہےں۔ بھیک مانگنے والے کبھی کسی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو درست سمت پر گامزن کر دیا تو نیا پاکستان بن جائے گا۔ علاوہ ازیں آزاد کشمیر کے پارٹی وفد سے گفتگو کرتے عمران خان نے کہا مارچ کے آخر میں مظفر آباد کا دورہ کروں گا۔ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کو مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے تنظیمی ڈھانچے اور پارلیمانی بورڈ میں دیانتدار اور نظریاتی کارکنوں کو ترجیحی بنیادوں پر رکھیں گے۔ کارکن ثبوت فراہم کریں۔ پی ٹی آئی کی صفوں میں کرپٹ افراد کو نکال باہر کریں گے۔
 
Facebook



About the author

160