ٹریول 2 پاکستان ڈے٬ پاکستان میں سیاحت کو فروغ
آج 4 مئی 2016 کو پاکستان میں ٹور آپریٹر اور سیاحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والی مختلف تنظیمیں پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے اسی حوالے سے Travel 2 Pakistan کے نام سے دن منا رہی ہیں-
اس موقع پر لاہور کے الحمرا کلچرل کمپلیکس قذافی اسٹیڈیم میں ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا ہے- اس تقریب کے مہمانِ خصوصی Netsol کے بانی اور چیف ایگزیکٹو سلیم غوری ہیں-
تقریب کے منتظمین اس حوالے سے عوام کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پاکستان کے خوبصورت اور پرکشش مقامات کی زیادہ سے زیادہ تصاویر اور ویڈیوز شئیر کریں اور دنیا کو پاکستان کے قدرتی حسن کے بارے میں بتائیں-
تقریب کے شرکا سے خطاب کرنے والی نمایاں شخصیات میں سفر ناموں کے مشہور مصنف فرخ سہیل اور کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل منیجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو احمد شفیق شامل ہوں گے جو کہ سیاحت کی اہمیت پر بات چیت کریں گے-
تقریب سے خطاب کرنے والی دیگر اہم شخصیات میں پی ٹی ڈی سی کے سابقہ مینیجنگ ڈائریکٹر مسعود علی خان٬ ٹی وی اینکر مریم اسماعیل٬ ٹی وی اینکر اوریا مقبول جان٬ سپیریر کنکشن اینڈ ٹورسٹ کے چیف ایگزیکٹو رضوان علی٬ اسپیکر اینڈ ٹرینر قاسم علی شاہ٬ ٹی وی اینکر سید بلال قطب٬ سائیکلسٹ اینڈ ہائیکر ظہیر الدین خواجہ اور ثمر اور گل ( Two Girls Ride ) شامل ہوں گے-
تقریب میں چند مقبول شخصیات کی جانب سے پاکستان کی خوبصورت تصاویر اور ویڈیو بھی آن لائن ارسال کی جائیں گی-
آپ سے درخواست ہے کہ آپ بھی پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان کی خوبصورت تصاویر فیس بک٬ ٹوئٹر٬ انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پر ضرور شئیر کیجیے- یہ تصاویر Travel2Pakistan اور BeautifulPakistan کے ہیش ٹیگ کے ساتھ شئیر کی جائیں-
دوسری جانب آج ہی کے روز "PK Travel" نامی ایک ایسا ویب پورٹل بھی متعارف کروایا جارہا ہے جس کا مقصد ملکی اور بین الاقوامی سیاحوں کو مختلف سہولیات فراہم کرنا ہے- ایسی تمام معلومات جو سیاح حاصل کرنا چاہتے ہیں وہ انہیں "PK Travel" سے حاصل ہوجائیں گی-