سال 2016: گنیز بک میں شامل نئے اور دلچسپ ریکارڈ
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ایک ایسے گھر کا نام ہے جس کے مکین دنیا بھر میں قائم کیے جانے والے دلچسپ اور عجیب و غریب ریکارڈ ہوتے ہیں- چند روز قبل گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا نیا ایڈیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں سال 2016 کے حوالے سے دلچسپ اور حیرت انگیز ریکارڈ شامل کیے گئے ہیں- اس ایڈیشن میں شامل کیے گئے ریکارڈ میں سے چند ایک آپ کی خدمت میں بھی پیش کیے جارہے ہیں٬ امید ہے کہ پسند آئیں گے-
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ 2016 ایڈیشن کے مطابق دنیا میں سب سے بڑے پیر وینزویلا سے تعلق رکھنے والے جیسن اورلینڈو روڈرگیوز کے ہیں- ان کے پیروں کی لمبائی 1 فٹ اور 4 انچ ہے-
برٹی نامی کچھوے کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ 2016 ایڈیشن میں دنیا کے سب سے تیز رفتار کچھوے کے طور شامل کیا گیا ہے- اس برطانوی کچھوے کو یہ اعزاز فی سیکنڈ 0.92 فٹ کی رفتار کے ساتھ دوڑنے پر حاصل ہوا ہے-
عام طور ایک انسان کے 32 دانت ہوتے ہیں لیکن اس ہندوستانی شہری کے 37 دانت ہیں- بھارتی شہر بنگلور سے تعلق رکھنے والے وجے کمار کو اپنے زائد دانتوں کی وجہ سے دنیا کا سب سے زیادہ دانتوں والا شخص ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے-
دنیا کے سب سے طویل القامت شادی شدہ جوڑے کا اعزاز چین کے 33 سالہ منگ منگ اور 29 سالہ ژویان کے پاس ہے- گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ 2016 ایڈیشن میں شامل کیے جانے والے اس طویل القامت جوڑے میں منگ منگ کا قد 7 فٹ 9 انچ اور ان کی بیوی ژویان کا قد 6 فٹ انچ ہے-
دنیا کا سب سے بڑا بال پوائنٹ بنانے کا اعزاز اس وقت بھارت کے پاس ہے- 18 فٹ لمبا یہ بال پوائنٹ نظام آباد سے تعلق رکھنے والے 56 سالہ اچاریہ مکیونری سری نواس نے تیار کیا ہے-
ٹاکیرو اکیڈا نامی اس نوجوان کو بی ایم ایکس سائیکل کو ایک منٹ میں 360 ڈگری پر 83 بار گھمانے کا ریکارڈ حاصل ہے- ٹوکیو سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان کے پاس یہ اعزاز سائیکل کو سب سے زیادہ بار گھمانے پر حاصل ہے-
\