پچھلے دنوں مجھے محبت نامی ایک ملک میں جانے کا اتفاق ہوا۔ وہاں کے بارے میں میں نے معلومات حاصل کرنا چاہیں تو یہ معلومات حاصل ہوئیں۔ اس ملک کا سرکاری نام محبت ہے۔ یہ ملک تین اطراف سے دکھ، علیحدگی اور مایوسی کے بلند ترین پہاڑوں میں گھرا ہوا ہے۔چوتھی سمت میں انسوؤں کا سمندر واقع ہے۔ آنکھ اس ملک کی اہم بندر گاہ ہے۔
دل ملک کا دارلحکومت ہے۔ پاگل پن بے نیازی اور خود غرضی اس ملک کے اہم شہر ہیں۔ موسیقی کی بے تحاشہ بارشوں سے یہاں کا موسم خوشگوار رہتا ہے۔ بعض اوقات گرمی میں نفرت اور برہمی کی بارشیں بھی کثرت سے ہوتی ہیں۔ ان بارشوں کے بعد لوگ محبت کا بیج بوتے ہیں۔ لیکن محبت کا پودا پورا پروان نہیں چڑھتا۔ملک کا بڑا حصہ خلوص اور ہمدردی کے جنگلات سے ڈھکا ہوا ہے۔ لیکن ان جنگلات میں حسد اور رقابت جیسے خطرناک جنگلی جانور بھی پاۓ جاتے ہیں اسکے علاوہ یہاں آستین کے رینگتے ہوۓ سانپ بھی عام ہیں۔
اس ملک کی خاص پیداوار گلاب کا پھول ہے۔ لیکن بے وفائی جھوٹے وعدے اور بے زاری کے پھول بھی کثرت سے پاۓ جاتے ہیں۔ سفارش اس ملک کا قومی پھول ہے۔ یہاں کے لوگوں کا عام پیشہ پیارو محبت ہے۔ صنعتیں چند ایک ہیں جن میں شاعری سب سے اہم صنعت ہے۔ اکثر لوگ شاعری کی ورکشاپ میں کام کرتے ہیں۔ اس ملک کا قومی کھیل جاہلیت ہے۔ اسکے علاوہ لڑائی، گالیاں دینا اور پتھر مارناجیسے کھیل بھی شوق سے کھیلے جاتے ہیں۔ یہاں صرف ایک یونیورسٹی ہے جسکا نام جزبات ہے اس میں وعدے اور فطرت جیسے مضامین پڑھائے جاتے ہیں۔