رمضان کریم،، رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ،،

Posted on at


رمضان کریم،، رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ،، 

رسول اللہ ﷺ کا ارشاد ہے کی آخری عشرے میں ایک رات ایسی بھی ہے جسے

لیلتہ القدر کہا جاتا ہے ، اس رات کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادت سے افضل ہے۔

 

آج میں نے جس موضوع کو لکھنے کے لیئے منتحب کیا ہے۔ گوکہ اس موضوع پر بہت کچھ بہت اچھے انداز میں لکھا جا چُکا ہے۔ لیکن پھر بھی چند ایک موضوع ایسے ہوتے ہیں کہ جن پر بہت کچھ لکھے جانے کے باوجود بھی اگر بہت کچھ لکھا جائے تو وہ پھر بھی کم ہی ہو گا اس چھوٹی سی تمحید کے بعد میں اصل موضوع کی طرف آتا ہوں۔

اللہ عزو جل کا احسان ہے کہ اس نے ایک بار پھر ہمیں ماہ رمضان جیسی عظیم الشان نعمت سے سرفراز ہونے کا موقع عطا فرمایا۔ رمضان المبارک کا روزہ ہم پر فرض ہے جسے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی اور تقلید میں اختیار کیا جاتا ہے۔ سال کے ۱۲ مہینوں میں سے کچھ دنوں، ہفتوں اور مہینوں کو کسی نہ کسی وجہ سے دوسرے مہینوں پر اہمیت حاصل ہے۔ ان ہی میں ایک مہینہ رمضان المبارک کا بھی ہے ، جسے اس کی خصوصی برکات کی ۔وجہ سے منفرد مقام حاصل ہے۔ رمضان ،،رمض،،سے منطق ہے جس کے معنی ،،جلنا،، ہیں۔ لغت میں ،،رمض،،کے معنی ،،صوم،، کے ہیں ، جو عربی زبان میں ،،روزے،، کو کہا گیا ہے۔ ،،صوم،، کے اصل معنی کسی کام سے رُک جانے کے ہیں ، خواہ اس کا تعلق کھانے پینے سے ہو یا گفتگو کرنے یا پھر چلنے پھرنے سے۔

حضور اکر مﷺ  کا ارشاد ہے کہ۔ ،،اس مبارک مہینے میں پچھلے تمام گناہ معا ف ہوجاتے ہیں۔ اس کا پہلا عشرہ رحمت کا ، دوسرا عشرہ گناہوں سے توبہ کا ، تیسرا جہنم کی آگ سے نجات کا اور آخری عشرے میں ایک رات ایسی بھی ہے جسے لیلتہ القدر کہا جاتا ہے اور شب قدر وہ رات ہے جب قرآن مجید لوح محفوظ سے کائنات پر نازل ہوا۔ اس رات کی عبادت ہزار مہینوں کی عبادات سے افضل ہے۔

ماہ رمضان میں اجرو ثواب بہت بڑھ جاتا ہے۔ نفل ثواب فرض کے برابر اور فرض کا ثواب ۷۰ گنا کر دیا جاتا ہے۔ اس مہینے میں روزہ دار کا سونا بھی عبادت میں شمار کیا جاتا ہے۔ عرش سے اُٹھانے والے فرشتے روزہ داروں کی دُعا پر آمین کہتے ہیں اور ایک روایت کے مطابق رمضان شریف کے روزہ دار کے لئے دریا کی مچھلیاں افطار تک دُعائے مغفرت کرتی رہتی ہیں۔

ماہ رمضان میں ہر نماز عشاء اور تراویح کے بعد روزانہ ۳مرتبہ کلمہ طیبہ پڑھنے کی بہت فضیلت ہے۔ پہلی مرتبہ پڑھنے سے گناہوں سے مغفرت ہوگی، دوسری مرتبہ پڑھنے سے دوزخ سے آزادی حاصل ہوگی اور تیسری بار پڑھنے والا جنت کا مستحق ہوگا۔ اس ماہ کی ۲۱ ویں شب کو ۲۱ مرتبہ سورۃ قدر پڑھنا بہت افضل ہے۔ ۲۵ ویں شب کو ۷ مرتبہ سورۃ دخان پڑھنے سے پاک پروردیگار عذاب قبر سے محفوظ رکھے گا، جب کہ اسی شب ۷ مرتبہ سورۃ فتح پڑھنا ہر مراد کے لئے بہت افضل ہے۔ ۲۷ ویں شب کو ۷ مرتبہ سورۃ واقعہ پڑھنے سے اللہ تعالیٰ رزق میں برکت دیتا ہے۔ یہ اور اس جیسی اور بہت سی چھوٹی چھوٹی عبادات ہیں لیکن جن کا صلہ بہت بڑا ہوتا ہے۔ اس ماہ میں محض روزے رکھنے سے رمضان المبارک کا مقصد پورا نہیں ہوتا بلکہ زیادہ سے زیادہ عبادات کی جانی چا ہئیں۔

رمضان میں عبادات سے خصوسی شغف پیدا کیا جانا چا ہیئے۔ فرض نمازوں کے علاوہ نوافل کا بھی خصوصی اہتمام کیا جانا چاہیئے۔ یہ عظمت و برکت والا مہینہ خدا کی خصوصی عنایت اور رحمت کا مہینہ ہے۔ شعبان کی آخری تاریخ کو ںبی ﷺ نے رمضان کی برکتوں کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:

،،لوگو! تم پر ایک بہت عظمت و برکت کا مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے۔یہ وہ مہینہ ہے جس میں ایک رات ہزار مہینوں سے زیادہ بہتر ہے۔ خدا نے اس مہینے کے روزے فرض قرار دیئے ہیں اور قیام لیل (مسنون تراویح) کو نفل قرار دیا ہے۔ جو شخص اس مہینے میں دل کی خوشی سے بطور خود کوئی ایک نیک کام کرے گا وہ دوسرے مہیںوں کے فرض کے برابر اجر پائے گا اور جو شخص اس مہینے میں فرض ادا کرے گا خدا اس کو دوسرے مہینوں کے ستر فرضوں کے برابر ثواب بخشے گا۔،،

اس ماہ مقدسہ میں صدقہ اور فطرات پورے اہتمام سے ادا کئے جانے چاہئے۔ صدقہ عید کی نماز سے قبل ادا کردیا جانا چاہئے بلکہ اتنا پہلے ادا کریں کے حاجت مند اور نادار لوگ بہ سہولت عید کی ضروریات پوری کر سکیں اور وہ بھی سب کے ساتھ عید گاہ جا سکیں۔

اللہ تعالیٰ ہم سب کو رمضان المبارک کی رحمتوں ، برکتوں اور نعمتوں سے فیض یاب ہونے ، رمضان المبارک کی حقیقت جاننے اور اس کی رحمتیں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے (آمین)۔  



About the author

muhammad-haneef-khan

I am Muhammad Haneef Khan I am Administration Officer in Pakistan Public School & College, K.T.S, Haripur.

Subscribe 0
160