رنگ دراصل انسانی جذبات و احساسات کو اُجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کچھ رنگ سکون تو کچھ رنگ بے چینی و ملال کو ظاہر کرتے ہیں۔ جیسے سرخ رنگ آگ، گرمی یا غصے کو ظاہر کرتا ہے۔ ایسے ہی آسمانی رنگ ٹھنڈک اور سکون کا احساس دلاتا ہے۔ کوئی شے اگر اپنی بناوٹ میں خوبصورت ہے تو اسے مزید جاذب نظر بنانے میں رنگ اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ رنگ ہماری شخصیت پر بھی بہت زیادہ اثر انداز ہوتے ہیں۔ ہر انسان کا کوئی نہ کوئی ذاتی پسندیدہ رنگ ہوتا ہے اور یہ پسندیدہ رنگ ہی انسان کی شخصیت، اس کی صحت، خوبیوں، خامیوں، جذبات اور روحانیت کا عکاس ہوتا ہے۔
کہا جاتا ہے کہ اگر کوئی شخص خوش اور صحت مند ہے تو وہ گہرے اور روشن رنگوں کو پسند کرے گا۔ اگر کوئی پریشان حال ہے تو وہ ہلکے اور پھیکے رنگوں کا استعمال کرتا ہے اور اگر کوئی زندگی کا بھرپور مزہ حاصل کر رہا ہے تو وہ چمکدار اور شوخ رنگوں کا انتخاب کرے گا گویا ہر شخص کے اندر کے جذبات اس کے ذاتی پسند میں بھی دکھائی دیتے ہیں۔
سفید رنگ: پاکیزگی، روحانیت، سکون اور خاموشی کی علامت ہے۔ اس رنگ کو پسند کرنے والے خاموش طبیعت کے مالک ہوتے ہیں تاہم محل موقع کی مناسبت سے وہ شوخ ہو جاتے ہیں۔
سرخ رنگ: اس رنگ کو استعمال اور پسند کرنے والے مضبوط قوت ارادی کے مالک ہوتے ہیں۔ ان میں انتقامی جذبہ بڑی شدت سے پایا جاتا ہے۔ اپنے دشمن کو کبھی معاف نہیں کرتے۔
سبز رنگ: یہ بڑا مقدس رنگ ہے جسے پسند کرنے والے نیک دل اور رحمدل ہوتے ہیں۔ نیکی پھیلانے والے اور نیکی کی راہ پر چلنے والے ہوتے ہیں۔ عموماً شریف اور مخلص لوگوں کو یہ رنگ پسند ہوتا ہے۔
نارنجی رنگ: اس کو پسند کرنے والے لوگ عمدہ خیالات اور بلند سوچ کے مالک ہوتے ہیں جن میں لیڈر بننے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ بہترین منظم ہوتے ہیں اور زندگی کے توازن کو بگڑنے نہیں دیتے۔
پیلا رنگ: اس کو پسند کرنے والوں کی سوچ بہت اعلیٰ اور فلسفیانہ ہوتی ہے۔ بزنس کے لیے اچھے دماغ کے حامل ہوتے ہیں۔ ظرافت پسند اور عقل مند ہوتے ہیں۔ سلجھے ہوئے مگر کبھی کبھی ذمہ داریوں سے دامن بچا کر آزادی کے خواہاں ہوتے ہیں۔
نیلا رنگ: اس رنگ کو پسند کرنے والے لوگوں کی شخصیت میں بزرگی، دیانت داری اور پاکیزگی پائی جاتی ہے۔ اطاعت پسند اور فرض شناس ہوتے ہیں۔ رحمدلی، دردمندی، دوسروں کا خیال رکھنے کی خصوصیات اس رنگ میں موجود ہیں۔
گلابی رنگ: یہ رنگ انسانیت سے محبت کی علامت ہے جس کو پسند کرنے والے کردار نیک اور پرسکون زندگی کے حامل اور دیانتدار ہوتے ہیں۔ ان کا حلقہ دوستی بہت وسیع ہوتا ہے۔
جامنی رنگ: یہ ایک شاندار رنگ ہے جس میں سنجیدگی، نمودو نمائش کی تمام خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ یہ بادشاہی رنگ کہلاتا ہے کیونکہ اس میں تمام ممالک کے شاہی لباس کو اہمیت حاصل ہے تاہم اسے زیادہ لوگ آسانی سے پسند نہیں کرتے۔
سلیٹی رنگ: اس رنگ کو پسند کرنے والے بڑے محنتی لوگ ہوتے ہیں اور ہر کام کو بڑی خوبی سے کرتے ہیں۔ اپنے ارادے اور مرضی کے خود مالک ہوتے ہیں اور اپنے طریقوں کے مطابق جینا پسند کرتے ہیں۔
بھورا رنگ: یہ رنگ زمین کا آئینہ دار ہے۔ زیادہ گہرا بھورا رنگ پسند کرنے والے لوگ بڑے جذباتی ہوتے ہیں اور اپنی خواہشات کی تکمیل کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دیتے ہیں اور آخرکار کامیاب ہو جاتے ہیں۔ معاہدوں کی تکمیل کے پابند بھی ہوتے ہیں۔
سیاہ رنگ: سیاہ رنگ تمام رنگوں سے بھاری ہوتا ہے۔ یہ ایک پُراسرار مگر بہت باوقار اور متاثرکن رنگ ہے جس میں نمودو نمائش نہیں۔ اس کو پسند کرنے والے سخت گیر ہوتے ہیں۔