احتساب کا نظام انتہائی ٹھوس اور سزا کا سلسلہ خوب قوی تھا غرض یہ کہ خراج کا شعبہ ہو یا محصولات کا ہو ، ارضیات کا ہو یا مالیات کا ، زراعت کا ہو یا آب پاشی کا ، پولیس کا ہو یا جیل خانہ جات کا ۔ انہار یا نافع نظامات کا ، فوج کا ہو ، یا فوجی انتظامات کا ، اور تعلیم و تبلیغ اسلام کا ، تعلیم حدیث ہو یا فقہ ، سامان حرب و ضرب کی پیداوار کا ہو یا جاسوسی اور سراغ رسانی کا تمام شعبے اپنی جگہ مستقل کام کرتے تھے اور ان میں ایک خصوصی ربط و تعلق تھا گویا ایک ایسی انتظامی مشینری تھی جس کے تمام کل پرزے اپنی اپنی جگہ ٹھوس کام کر رہے تھے اور ان کی کارکردگی نا صرف اچھی تھی بلکہ انتہائی حسین تھی اور آپ کے نظام حکومت کی یہ صورت اس وقت کام کر رہی تھی جب دنیا اس نظام حکومت سے قطعا نابلد تھی ۔ جہاں تک فتوحات کا تعلق ھے ، آپ کے دور کو منفرد حیثیت حاصل ھے ، مورخین کا کہنا ھے کہ آپ کے عہد خلافت میں جو وسعت اسلامی سلطنت کو ہوئی وہ اپنی مثال آپ ھے ۔