لائٹس کا استعمال کریں: گھر میں کشش پیدا کرنے کے لئے لائٹس کا استعمال کریں عام بلبوں کو رنگین گلاس جارز میں قید کریں ، ہارڈوئیر شاپس کا راؤنڈ لگائیں اور چند سادہ الیکٹرانک راڈز اور لائٹ فکسچر خرید لیں ۔ اب جارز کی بیس میں سوراخ کر کے لائٹ فکس کریں اور الیکٹرک راڈز میں ایڈجسٹ کر کے انہیں من پسند مقامات پر لٹکا دیں۔
کچن کو نظر انداز نہ کریں: کچن بلاشبہ ہمارے گھر کا وہ اہم حصہ ہے جس کی صفائی اور سیٹنگ دیکھ کر اہل خانہ کے ذوق اور سلیقے کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ سب سے پہلے تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ یہ جراثیم اور بد بو سے پاک ہو ۔ اس امر کو یقینی بنانے کے لئے خوشبودار جراثیم کشن محلول کو گرم پانی میں ملا کر سنک ، سلیپ اور فرش پر باقاعدگی سے استعمال کریں ۔ آخر میں اسفنج کو لیونڈر آئل اور لیمن گراس ایزنشل آئل کے مکسچر میں ڈپ کر کے سطح کو صاف کریں ۔ آپ کا کچن خوشگوار مہک میں رچ کر جگمگا اٹھے گا۔
واڈروب پر نگاہ ڈالیں: واڈروب کو مہکانے کے لئے من پسند ایزنشل آئل کو ٹشو پیپر پر ٹپکائیں ، اور اس ٹشوپیپر کو واڈروب میں رکھ دیں ۔ کپڑے بھینی بھینی خوشبو سے مہک جائیں گے ۔ اپنے کپڑوں کو دھلنے کے بعد اچھی طرح سکھا کر ہی الماری میں رکھیں۔ بصورت دیگر نمی کے باعث ناگوار بسانڈ کپڑوں میں اور الماری میں رچ بس جائے گی۔
کمرے کا منظر تبدیل کریں: اگر آپ کے گھر کے کسی بھی کمرے کی کھڑکی سے نظر آنے والا باہر کا منظر پرکشش اور پسندیدہ نہیں تو آپ اس کھڑکی کے آگے ایک بڑا پلانٹ رکھ دیں ۔ اس برح آپ کے گھر میں تازگی احساس بھی جاگے گا۔
آئینوں کا استعمال : گھر کو ایک منفرد لک دینے کے لئے آئینوں کا استعمال بھی خوب رہتا ہے جگمگ کرتے صاف ستھرے آئینے کے آگے ایک خوبصورت شو پیس رکھ دیں تو ابھرنے والا عکس نہایت خوبصورت منظر پیش کرے گا۔
اپنے گلاسوں اور گلاس جارز وگیرہ کو جگمگانے کے لئے گرم پانی ، ڈٹرجنٹ اور تھوڑا سا سرکہ ملا کر محلول تیار کریں اور انہیں کچھ دیر کے لئے بھگو دیں۔
اب انہیں اس پانی میں اچھی طرح صاف کریں ۔ صاف پانی سے دھوئیں پھر کسی برتن میں پانی گرم کریں اور اٹھتے ہوئے دھوئیں کو گلاس پر آنے دیں اور پھر فوراً نرم کپڑے سے پونچھ دیں اور جادو دیکھں۔