دنیا میں چاکلیٹ بنانے والي بڑی کمپنیوں میں سے ایک ’مارز‘ نے دنیا کے 55 ممالک سے اپنی چاکلیٹ کی مصنوعات واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ رواں برس جنوری میں یورپی ملک جرمنی میں ایک شخص کو کمپنی کی ’سنِکرز‘ چاکلیٹ بار میں پلاسٹک کے ٹکڑے ملنے کے بعد کیا گیا ہے۔
تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ پلاسٹک کے یہ ٹکڑے ہالینڈ میں واقع کمپنی کے کارخانے سے تیار ہونے والے مال میں پائے گئے ہیں۔
کمپنی کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ان تمام مصنوعات کو واپس منگوایا جا رہا ہے جو اس کارخانے میں تیار ہوئی تھیں۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ اس چاکلیٹ بار میں صرف پلاسٹک ہی موجود تھا۔ ہم نہیں چاہتے کے بازار میں ہماری ایسی مصنوعات موجود ہوں جو معیاری نہیں اس لیے ہم نے سارا مال واپس منگوانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
جن ملکوں سے مارزر اپنی مصنوعات واپس لے رہی ہے وہ بنیادی طور یورپ میں ہیں۔
امریکی کمپنی نے فی الحال یہ نہیں بتایا ہے کہ واپس منگوائی جانے والی چاکلیٹ مصنوعات کی کل قیمت کیا ہوگی یا ان کی تعداد کتنی ہے۔
مارز کا کہنا تھا کہ وہ کچھ مصنوعات کو محض احتیاط کے پیش نظر واپس لے رہی ہے۔
برطانیہ میں اس عمل سے جو چاکلیٹ مصنوعات متاثر ہوں گی ان میں فن ساز مارز، ملکی وے بارز اور سیلیبریشن چاکلیٹس کے ڈبے شامل ہیں۔
ہالینڈ میں بھی مارز اور سنکرز چاکلیٹ بارز اس فیصلے کے تحت واپس طلب کی جا رہی ہیں۔