Deen dari

Posted on at


 

آپ کیا کہتے ہیں؟ مجھ جیسے دیندار، ، باعمل ،صالح، نیک نمازی مسلمان کو کیا کرنا چاہئے؟؟؟
اقامتِ صلٰوۃ الخمسہ ، زکوٰۃ کی ادائگی، رمضان المبارک کے روزے میرا فریضہ ہیں جن کی میں پابندی کرتا ہوں، رمضان المبارک کا آخری عشرہ مسجد الحرام یا مسجدِ نبوی میں اعتکاف اور سال میں 4-5 عمرے کرنا میرا معمول ہے، عریانی و فحاشی اور زن اور شراب نوشی میرا شوق ہیں، منکرات میریے نفس کی طلب و خواہش ہیں، سود خوری میرا ذریعہ ءِ معاش ہے، جھوٹ، مکر و فریب، وعدہ خلافی ، ہاتھ میں تسبیح میری عادات ہیں، رشوت دینا و لینا،خیانت، بد دیانتی، کرپشن میری مجبوری ہیں،

میری لمبی زلفیں، صاف مونچھیں، ایک بالشت داڑھی بموجبِ سُنّت ہے، کُرتا، اونچی شلوار یا پاجامہ میرا لباس ہے، اپنے فرقے کے کے جن مذہبی پیشواؤں اور مساجد و مدارس کی میں مالی اعانت کرتا ہوں وہاں مجھے بہت نیک و صالح، دیندار اور مخیر شخص جانا و مانا جاتا ہے، اپنے شہر اور علاقے کے پولیس سمیت مختلف اہم محکموں کے اکثر و بیشتر کرپٹ آفیسرز، جرائم پیشہ عناصر اور طاقتور با اثر شخصیات کے ساتھ میرا قریبی تعلق ہے اور میں ان سب کی بھی خدمت کرتا رہتا ہوں تاکہ کوئی میرے معاملات میں رکاوٹ نہ بنے۔

میرا بنگلہ کوٹھی، مہنگی گاڑی، اونچا رہن سہن، شاہانہ ٹھاٹھ باٹھ ، اعلٰی قسم کے قیمتی ترین لباس، طعام و مشروبات سمیت سارے خرچے حرام کی کمائی سے چلتے ہیں، میرے فرقے کی دینی و مذہبی سیاسی جماعت کے قائدین و اہم رہنما کہتے ہیں کہ انہیں اس علاقے سے بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین کے امیدوار کےلئے میرے جیسے باعمل ، دیندار،صالح ، با اثر اورصاحبِ حیثیت امیدوار کی ضرورت ہے جو الیکشن کا خرچہ برداشت کرکے الیکشن میں یہ سیٹ نکال سکے۔ میں اس سیاسی جھنجھٹ میں پڑنا نہیں چاہتا مگر میرے فرقے کے علمائے کرام مجھے مجبور کر رہے ہیں کہ اگر میں الیکشن میں کھڑا نہ ہوا تو جس سیاسی شخصیت کے جیتنے کا چانس نظر آ رہا ہے وہ مخالف فرقے سے تعلق رکھتا ہے لہٰذا دینی غیرت و حمیت کا اوّلین تقاضہ ہے کہ مخالف فرقے کے امید وار کو بہرحال شکست دی جائے۔ اس صورتِ حال میں ہمارے فرقے کی ایک بڑی مسجد کے پیش امام و خطیب صاحب نے استخارہ نکال کر میرے جیتنے کی خوشخبری بھی سنا دی ہے۔ آپ کیا کہتے ہیں؟ مجھ جیسے دیندار، ، باعمل ،صالح، نیک نمازی مسلمان کو کیا کرنا چاہئے؟؟؟



About the author

160