اے لوگو ! ہم نے تمھیں ایک ماں اور باپ سے پیدا کیا اور پھر تمہارے قومیں اور قبیلے بنائے تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچان سکو۔
تواریخ کے مطالعہ سے پتہ چلتا ہے کہ گکھڑ قبیلہ صدیوں تک خطہ پوٹھوہار پر حکمران رہا تاآنکہ سکھوں نے پورے پنجاب اور سرحد پر قبضہ کرلیا۔ گکھڑ قبیلہ نے خطے کے دیگر قبائل کو ساتھ ملا کر سکھوں کے خلاف جہاد جاری رکھا، لیکن اس کے نتیجے میں قبیلہ بکھر گیا افرادِ قبیلہ پوٹھوہار سے نکل کر کشمیر، سنٹرل پنجاب اور ہزارہ ڈویژن کے مختلف علاقہ جات میں آباد ہوگئے جنکہ موجودہ دور میں ایک بڑی تعداد بیرونِ مُلک مقیم ہے۔ دورِ جدید میں اس بات کی ضرورت محسوس کی گئی کہ قبیلہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے اُن کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا جائے، چناچہ 1999 کے وسط میں رابطوں کا آغاز کیا گیا اور بلآخر راجہ خالد محمود کیانی ساکن پنڈبالا تحصیل گوجرخان، راجہ آصف تنویر کیانی ساکن موہری گکھڑاں (جی نائن اسلام آباد)، کیپٹن (ر) فائز اختر کیانی ساکن پھروالہ اور راجہ عابد کبیر کیانی (برادر آصف تنویر کیانی) کی کوششوں سے پاکستان گکھڑ فیڈریشن کا قیام عمل میں لایا گیا، لوگ آتے گئے کارواں بنتا گیا۔بلآخر 14 اگست سنہ 2000 کو پہلا نوٹیفیکیشن جاری کیاگیا جس کے مطابق مرحوم راجہ آصف تنویر کیانی کو چیئرمین، کیپٹن (ر) فائز اختر کیانی کو چیف آرگنائزر اور راجہ خالد محمود کیانی کو جنرل سیکرٹری کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں جبکہ کرنل (ر) طارق کمال کو سینئر وائس چیئرمین، راجہ اعجاز حیدر وائس چیئرمین، راجہ ارشد جاوید کیانی ڈپٹی سیکرٹری/ فنانس سیکرٹری اور راجہ تسلیم احمد کیانی کو رابطہ سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ اس تنظیم کے اغراض و مقاصد میں برادری کا اتحاد، تعلیمی شعور کی بیداری، طلباء و طالبات کی راہنمائی اور بوقتِ ضرارت مالی معاونت، غریبوں، یتیموں، بیواؤں کی خبرگیری اور حصول روزگار کیلئے راہنمائی وغیرہ شامل ہیں۔ پاکستان گکھڑ فیڈریشن طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے ہر سال گکھڑ ٹیلنٹ ایوارڈ کا انعقاد کرتی ہے جس میں بہترین نمبر سے کامیابی حاصل کرنے والئ طلباء و طالبات کو نقد انعامات، تعریفی اسناد اور شیلڈز سے نوازا جاتا ہے، اس سلسلے کا گیارواں پروگرام اکتوبر 2014 میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ محدود وسائل کے باوجود غریب بچیوں کی شادیوں کے لئے امداد مہیا کی گئی، بیوگان میں سلائی مشینیں تقسیم کی گئیں، معذور مریضوں کو دیل چیئرز اور واکنگ ٹیبلز مہیا کی گئی۔ پاکستان گکھڑ فیڈریشن نے راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، ہزارہ ڈویژن، آزاد کشمیر کے مختلف اضلاع اور چنیوٹ میں آئی کیمپس لگائے جس میں مستحق افراد کو مفت جبکہ دیگر کو رعائتی بنیادوں پر ادویات و عینکیں مہیا کی گئی اب تک ہزاروں افراد ان کیمپس سے استفادہ حاصل کرچکے ہیں اور یہ سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔تنظیم امن، اخوت، محبت اور رواداری پر یقین رکھتی ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ خطہ کی تمام برادریوں عباسی،ستی، جنجوعہ، دھنیال، کیٹھوال، گوجر ،راجپوت قبائل و دیگر تمام برادریوں سے ہمارے برادرانہ تعلقات ہیں،ہمارا عزم ہے کہ ہم آئندہ بھی تمام برادریوں سے خوشگوار تعلقات قائم رکھیں گے۔
پاکستان گکھڑ فیڈریشن روزنامہ اوصاف کے چیف ایڈیٹر جناب مہتاب خان شکرگزار ہے کہ جنھوں نے عوامی فلاح و بہبود کے تمام پروگرامات میں ہماری اخلاقی و مالی معاونت کی، آپ نے اپنے علاقے کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور خدمات سرانجام دیں، شہیدِوطن راجہ نادر خان آف ماندلہ کی یودگار قائم کرنا انہیں کا کارنامہ ہے جس کیلئے آپ نے شبانہ روز محنت کی، اس کے علاوہ ہم سابق سینیٹر راجہ نرگس زمان کیانی کے بھی ازحد مشکور ہیں جن کی کوششوںسے اس علاقہ میں 140 سکول قائم ہوئےاور ہزاروں بچے زیورِ تعلیم سے آراستہ ہوکر اپنی عملی زندگی کا آغاز کرچکے، اس کے علاوہ آپ نے بے شمار لوگوں کی حصول روزگار میں معاونت کی۔