شارجہ: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شارجہ ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جہاں پاکستان کو میچ میں فتح کیلئے آٹھ وکٹیں اور انگلینڈ کو 238 رنز درکار ہیں.
انگلینڈ نے 284 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے 34 رنز کا مثبت آغاز فراہم کیا لیکن معین علی 22 رنز بنانے کے بعد شعیب ملک کی گیند پر آؤٹ قرار دیے گئے.
ابھی انگلش ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ شعیب ملک نے تجربہ کار آئن بیل کی وکٹیں بکھیر کر پاکستان کو دوسری کامیابی دلا دی.
جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے دو وکٹ پر 46 رنز بنائے تھے جبکہ اسے فتح کیلئے مزید 238 رنز درکار تھے.
اس سے قبل پاکستانی ٹیم دوسری اننگ میں 355 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی.
پاکستان نے میچ کے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 146 رنز تین وکٹوں کے نقصان پر شروع کیا تو اسکور میں چھ رنز کے اضافے سے نائٹ واچ مین راحت علی کھاتہ کھولے بغیر آئوٹ ہوگئے۔
اوپنر محمد حفیظ ابتدا میں مشکل میں دکھائی دیے تاہم انھوں نے انگلینڈ کے خلاف اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری مکمل کی.
انہوں نے مصباح الحق کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے 93 رنز کی ساجھے داری قائم کر کے مجموعے کو 245 رک پہنچا دیا.
مصباح آؤٹ ہونے والے پانچویں بلے باز تھے جو 38 رنز بنانے کے بعد اسٹورٹ براڈ کی وکٹ بنے جبکہ محمد حفیظ کی 151 رنز کی شاندار اننگ کا خاتمہ معین علی کے ہاتھوں ہوا.
سرفراز نے 36 گیندوں پر اتنے ہی رنز بنائے جبکہ یاسر شاہ چار رنز تک محدود رہے.
جب چوتھے دن چائے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے آٹھ وکٹ پر 319 رنز بنا کر میچ میں مجموعی طور پر 247 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے.
اسد شفیق اور وہاب ریاض نے چائے کے وقفے کے عبد نسبتا تیزی سے رنز بٹورے لیکن براڈ کی ایک خوبصورت گیند پر اسد شفیق کی اننگ کا خاتمہ ہوا.
355 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی آخری وکٹ گری جب وہاب ریاض رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے.
پاکستان نے انگلینڈ کو میچ میں فتح کیلئے 284 رنز کا ہدف دیا ہے، انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ جیمز اینڈرسن نے دو وکٹیں حاصل کیں.
اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کی پہلی اننگ کے اسکور 234 رنز کے جواب میں 306 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی۔